خیرپور ناتھن شاہ (فیاض جعفری) خیرپور ناتھن شاہ کی تاریخ میں پہلی بار تعلقہ اسپتال کے امیر بخش جونیجو میموریل ھال میں قائم آپریشن تھیٹر میں دو مریضوں کی آنکھوں کا مفت کامیاب آپریشن کیا گیا۔تعلقہ اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹر عبدالجبار بگھیو نے خیرپور ناتھن شاہ سے تعلق رکھنے والے دو مریضوں کا مفت آپریشن کیا ۔اس موقعے پر ڈاکٹر غلام رسول شیخ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسیمبلی عبدالعزیز جونیجو، ڈی ایچ او دادو ڈاکٹر جاوید ڈاوچ، ایم ایس ڈاکٹر مقصود عباسی، ڈاکٹر عبدالجبار بگھیو اور شیخ برادری کے تعاون سے خیرپور ناتھن شاہ کی تعلقہ اسپتال میں آنکھوں کے آپریشن تھیٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع دادو سمیت دور دراز سے آنے والے مریضوں کا یہا ں پر مفت علاج کیا جائے گااور متاثرہ افراد کو اس بیماری سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس موقعے پر آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر عبدالجبار بگھیو نے کہا کہ غریب لاچار اور بے سہارا لوگوں کی آنکھوں کا مفت علاج کر کہ خوشی ملی ہے۔ انشاء اللہ خیرپور ناتھن شاہ میں اس آپریشن تھیٹر کو مثالی تھیٹر بنایا جائے گا۔