خیرپور (جیوڈیسک) خیرپور کے قریب مسافر بس اور ٹرک میں ٹکر کے نتیجہ میں 57 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں۔ آج صبح چھ بجے کے قریب ، نیشنل ہائی وے پر ٹھیڑی بائی پاس کے مقام پر خوفناک حادثہ ہوا۔
جب ایک تیز رفتار ٹرک پیٹرول پمپ سے نکلنے والی مسافر بس سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں بس مکمل طور پر طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار زیادہ تر مسافر جاں بحق ہوگئے۔ بس سوات سے کراچی آرہی تھی۔
بس میں تقریباً 65 مسافر سوار تھے۔ بعض لاشوں اور زخمیوں کو بس کاٹ کر نکالنا پڑا۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال خیرپور منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر جعفر سومرو کے مطابق جاں بحق افراد میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ایم ایس کے مطابق اسپتال میں تمام سہولتیں موجود ہیں اور اسپتال کے تمام 8 آپریشن تھیٹر آپریشنل ہیں۔