سکھر (جیوڈیسک) پولیس نے جے یو آئی (ف) سندھ کے رہنما ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کے الزام میں لاہور سے ایک سیاسی شخصیت کو حراست میں لے لیا ہے۔
سکھر میں ٹارگٹ کلنگ کا شکار بننے والے جے یو آئی (ف) کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کے سلسلے میں کی جانے والی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے سکھر، خیرپور اور شکارپور سے مزید 8 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
جن کی نشاندہی پر سندھ سے تعلق رکھنے والی ایک سیاسی شخصیت کو لاہور سے حراست میں لیا گیا ہے اور اب ان کی سکھر منتقلی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایس ایس پی سکھر کا کہنا ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے مزید پیش رفت ہوسکتی ہے۔ جلد ہی اس واقعے میں ملوث افراد اور اس کے محرکات کا پتہ چل جائے گا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو گزشتہ ہفتے اس وقت قتل کردیا گیا تھا جب وہ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسجد میں بیٹھے ہوئے تھے۔