خلیل طاہر سندھو نے صحت اور اقلیتی امور کی وزارتوں سے استعفی دے دیا

Khalil Tahir Sindhu

Khalil Tahir Sindhu

سندھ (جیوڈیسک) ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سر زنش پر خلیل طاہر سندھو نے صحت اور اقلیتی امور کی وزارتوں سے استعفی دے دیا۔

9 نومبر کو صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ڈینگی کے پھیلاؤ پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے وزیر صحت خلیل طاہر سندھ کی شدید الفاظ میں سرزنش کی۔ خلیل طاہر سندھو نے وزیراعلیٰ کی سرزنش اور سینئر رہنماؤں کے رویے پر استعفیٰ دے دیا۔

خلیل طاہر سندھو کے پاس صحت اور اقلیتی امور کی وزارتیں تھیں، انہوں نے اپنا استعفیٰ ایوان وزیراعلیٰ کو بھجوا دیا ہے۔ خلیل طاہر سندھو کا کہنا تھا کہ 2011 میں ڈینگی سے 352 افراد کا انتقال ہوا۔ اس کے باوجود کسی وزیر نے استعفیٰ نہیں دیا۔ پی آئی سی ادویات سکینڈل میں 3 سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، رواں برس 192 بچوں کے جاں بحق ہونے پر کسی وزیر نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خلیل طاہر سندھو کا کہنا تھا کہ 10 افراد کے ڈینگی سے جاں بحق ہونے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا انہوں نے وزارتوں سے استعفیٰ دیا ہے مگر مسلم لیگ ن کے ورکر ہونے کے ناطے پارٹی کے لئے کام کرتے رہیں گے۔