ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی صدارت کی باضابطہ طور پر توثیق کردی۔
ایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی کے صدارتی عہدے کی توثیق کی تقریب تہران میں منعقد کی گئی۔
تقریب میں گارجین کونسل کے ارکان، عدلیہ کے سربراہ، اعلیٰ اور سول فوجی حکام شریک تھے۔
نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےتقریب سےخطاب میں کہا کہ ان کی حکومت امریکا کی جانب سے عائد پابندیاں اٹھانے کیلئے اقدامات کرے گی۔
اس کے علاوہ ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ وہ ابراہیم رئیسی کو ملنے والے عوامی مینڈیٹ کی توثیق کرتے ہوئے انہیں ایرانی صدرکی ذمہ داریاں تفویض کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران میں رواں سال منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات میں ابراہیم رئیسی نے بھاری اکثریت سے فتح حاصل کی تھی اور وہ حسن روحانی کی جگہ عہدہ صدارت سنبھالیں گے۔