مظفرآباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ سیاسی استحکام پاکستان کی سب سے بڑی ضرورت بن چکاہے لیکن عمران خان سڑکوں پر فساد دیکھنا چاہتے ہیں۔
مظفرآباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جب ہم اقتداد میں آئے تو بدقسمتی سے ملک ایسی جنگ میں الجھا ہوا تھا جس سے پاکستانی معیشت بھی تنزلی کا شکار تھی لیکن ہم نے ملک کو تنزلی سے نکال کرترقی کی جانب گامزن کیا۔ نواز شریف کی قیادت نے پاکستانی معیشت کو ایک بار پھر اپنے پیروں پر کھڑا کرکے دوبارہ اقتصادی ترقی کی راہ پر ڈال دیا۔امانت ، دیانت اور محنت کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت اور امیج بہتر ہوا۔ زرمبالہ کے ذخائر پہلی بار 21 ارب ڈالر سے زیادہ ہوئے اور اب پاکستان مستقبل میں 10 بڑی معاشی طاقتوں کی فہرست میں شامل ہوسکتا ہے۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ 28 مئی 1998 میں دفاعی خود کفالت حاصل کی اور پاکستان کو عزت وقار اور کامیابی ملی لیکن 12 اکتوبر کے اقدام نے ملک کو اندھیروں کی جانب دھکیل دیا۔ ملکی وقار اور سلامتی مجروح ہوئی۔ آمریت کے باعث ملک معاشی خود کفالت حاصل نہ کرسکا ، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور دیگر مسائل پیدا ہوئے۔ آمر کی پالیسی کی بدولت طالبان اور ڈرون ملک میں دندناتے پھر رہے ہیں ، ایسے وقت میں سیاسی استحکام پاکستان کی سب سے بڑی ضرورت بن چکاہے لیکن عمران خان سڑکوں پر فساد دیکھنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب بھی ملک میں سیاسی استحکام کا سفرشروع کیا جاتاہے، بدقسمتی سے سازشی عناصر عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں شروع کردیتے ہیں، عمران خان نے قوم کے 120 دن ضائع کئے اور پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی لیکن عمران خان 120 دن کے دھرنے پر فخر کرتے ہیں۔ ہم سڑکوں کو معیشت کی شہ رگ بنانا چاہتے ہیں لیکن عمران خان ملک کے مستقبل کے قتل کےلئے سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں اور دھرنوں کے ذریعے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کرنے والوں اور ترقی کا راستہ روکنے والوں کوعوام پہچان چکے ہیں اب عوام ہی ان کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔