لاہور(جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے ڈیرہ اسماعیل خان جیل کے واقعہ پر خیبر پختونخوا حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ کراچی کے بارے میں رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی اور اے این پی اپنے عسکری ونگ ختم کر دیں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر ذرائع سے گفتگو میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جیل پر حملے کی ایک روز قبل اطلاع تھی۔ کیا کے پی کے کی حکومت سوئی ہوئی تھی۔
خیبر پختونخوا کے ”تیلی پہلوان” وزیراعلی شعبدہ بازی چھوڑیں اور اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہوں۔ عمران خان بھی قوم کو جواب دیں اور تسلیم کریں کہ تحریک انصاف میں خیبر پختونخوا کی حکومت چلانے کی اہلیت نہیں ہے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کو کراچی کا مینڈیٹ حاصل ہے لیکن ہم ساتھ ہی کہتے ہیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق وہ تمام جماعتیں وہاں پر اپنے عسکری ونگ ختم کریں۔
ایم کیو ایم، اے این پی اور پیپلز پارٹی اپنی صفوں سے بھتہ خوروں کو نکالیں صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ ایوان صدر کی روایات کے مطابق آصف زرداری کو گارڈ آف آرنر دے کر رخصت کیا جائے گا اور کیا ہی خوبصورت ہو کہ حلف برداری کی تقریب میں نومنتخب صدر اور جانے والا صدر دونوں موجود ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن جمع المبارک کو صدر زرداری کے رخصت ہونے پر شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔