ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ شاہ رخ، عامر اور سلمان خان جتنے کامیاب نہیں ہیں۔
یہ بات تو سب کے علم میں ہے ہی کہ بھارتی فلم انڈسٹری کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچانے میں تینوں خانز کا بہت بڑا ہاتھ ہے، شاہ رخ، عامر اور سلمان نے متعدد سپر ہٹ فلمیں دے کر انڈسٹری میں اپنی دھاک بٹھائی۔
تاہم سیف علی خان نے ایک انٹرویو میں ان تینوں جتنا کامیاب نا ہونا خود کیلئے فائدہ مند قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرے کیرئیر کیلئے بہتر تھا کیونکہ مجھے مختلف اور منفرد تجربات کرنے کے بے شمار مواقع مہیا رہے، میں نے خود کو اداکاری کے شعبے میں منوانے کیلئے بہت محنت کی، بہت سے میدان سر کیے اور اس سے میری اداکاری میں دن بدن بہتری آتی رہی۔
سیف علی خان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی غلطیوں سے سیکھنے کا بھی موقع ملا۔
چھوٹے نواب نے مزید کہا کہ عامر، شاہ رخ اور سلمان خان پیدا ہی اداکار بننے کیلئے ہوئے تھے، ان کی ہمیشہ سے یہ آرزو ہوگی کہ وہ سپر اسٹار بنیں لیکن میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
تاہم سیف علی خان نے اپنے اداکار بننے کا سہرا اکشے کمار کے سر سجاتے ہوئے کہا کہ بالی وڈ میں اکشے نے میری بہت مدد کی، وہ ایک مکمل میگا اسٹار ہیں جنہیں کسی دوسرے کی ضرورت نہیں، میں نے بے شک ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
واضح رہے اداکار سیف علی خان نے پرمپرا نامی فلم سے 1993 میں ڈیبیو کیا تھا، ان کی مقبول ترین فلموں میں دل چاہتا ہے، اوم کارا، ہم ساتھ ساتھ ہیں، اک حسینہ تھی اور ہم تم شامل ہیں۔