کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں متحدہ قومی مومنٹ کے ارکان سندھ اسمبلی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے جرنیلوں کے بارے میں بیان پر مذمتی قرارداد سیکرٹری سندھ اسمبلی کو جمع کرادی ہے
متحدہ قومی مومنٹ کے ارکان اسمبلی سید سرداراحمد، محمد حسین ، عبدالحسیب ،وسیم قریشی سمیت دیگر نے سندھ اسمبلی کے سیکریٹری کو وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف قرارداد جمع کرائی۔ایم کیو ایم کے رہنما محمد حسین کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے اس سال بارہ جولائی کو دو سابق جرنیلوں پر الزام عائد کرکے توہین کی ہے جس کے خلاف نوٹس لینا چاہیے۔
ساتھ ہی ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف درج ہونے والے مقدمات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس موضوع کو سندھ اسمبلی میں زیر بحث لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ایم کیو ایم کے رہنما عبدالحسیب نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مختلف رہنماوں کے خلاف مقدمات درج کیے جارہے ہیں اس موضوع کو اسمبلی میں اٹھا کر عوام کو حقائق سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما سید سردار احمد کا کہنا تھا کہ انصاف کے لیے صرف اسمبلی میں ہی نہیں بلکہ عدالت میں بھی اگر جانا پڑا تو جائیں گے۔