اسلام آ باد (جیوڈیسک) حالیہ دنوںمیں بعض عناصر کی جانب سے پاک فوج کیخلاف کی جانیوالی تنقید کے حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری پُر تشویش بیان کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر پانی و بجلی اور انچارج وزیر برائے دفاع خواجہ آصف کو وزیر اعظم ہاؤس طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق پیر کی شام ساڑھے 5 بجے ہونیوالی آدھے گھنٹے کی ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے خواجہ آصف سے اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے کہاکہ میڈیا میں بھی عام تاثر یہ ہے کہ میری کابینہ کے بعض وزرا سابق آرمی چیف جنرل پرویز مشرف پر تنقید کرتے ہوئے صبر اور توازن کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیتے ہیں، جس سے اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق خواجہ آصف نے اپناموقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف آل پاکستان مسلم لیگ کے نام سے ایک سیاسی پارٹی چلا رہے ہیں اور ان کیخلاف مختلف عدالتوں میں آئین سے غداری کے مرتکب ہونے سمیت متعدد الزامات کے تحت مقدمات چل رہے ہیں، اس حوالے سے میڈیا کے لوگ مجھ سے یا آپ کی کابینہ کے کسی بھی رکن سے کوئی سوال پوچھیں تو ہمیں اپنی پارٹی کا موقف بتانا ضروری ہوتا ہے، میں ذاتی طور پر پاک فوج کی بحیثیت ادارہ بے پناہ عزت کرتا ہوں۔