لاہور- پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے این اے 131 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کردیا۔
Imran Khan vs Khawaja Saad Rafique
واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والی پولنگ کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے 131 میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد خواجہ سعد رفیق کو انتہائی معمولی فرق کے ساتھ شکست دی، عمران خان نے 84313 ووٹ جب کہ خواجہ سعدرفیق نے 83633 ووٹ حاصل کیے۔
لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے آج انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر محمد اختر بھنگو کو درخواست جمع کروا دی۔
سعد رفیق نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ این اے 131 میں پریزائیڈنگ افسر نے سیکڑوں ووٹ دانستہ مسترد کیے۔
سعد رفیق نے اپنی درخواست میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ این اے 131 کی گنتی دوبارہ کی جائے اور مسترد کیے گئے ووٹوں اور گنتی کا عمل مکمل ہونے تک رزلٹ جاری نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان نے این اے 131 کا الیکشن 50 کروڑ میں خریدا، ، اندھا دھند پیسہ لُٹایا گیا اور ووٹوں کی خرید و فروخت کی گئی۔