بدین (رپورٹ۔عمران عباس) بلدیاتی الیکش کے سلسلے میں مختلف برادریوں کی جانب سے مختلف پارٹیوں اور گروپس کی حمایت کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں بدین شہر میں اپنی اکثریت رکھنے والی قوم خواجہ شیعہ اثنا عشری جماعت کی جانب سے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی حمایت میں بدین کے العباس ھال میں ایک پروگرام کا انعقاد کرکے ذوالفقار مرزا اور بدین کے 14 وارڈز سے الیکشن لڑنے والے ان کے امیدواروں کا پرجوش استقبال کیا گیا۔
تقریب کا آغا نعت رسول ﷺ سے کیا گیا جس کے بعد جماعت اور شہر کے دیگر لوگوں نے مہمان نوازی کی رسم نبھاتے ہوئے آئے ہوئے مہمانوں کو اجرک کے تحفے دیئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ میں نے بدین کی مختلف برادریوں سے امیدواروں کو چن چن کو گلاب کا ایک گلدستہ بنایا ہے۔
بلدیاتی الیکشن میں انہیں ووٹ دیکر کامیاب کرکے بدین کی ترقی میں میرا ساتھ دیں ، ذوالفقار مرزا نے مزید کہا کہ ماضی میں گئی غلطیوں کو پھر سے نہیں دھراﺅں گا، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کی ناجائز فرمائشوں سے میں اکتا گیا تھا وہ سندھ کو بیچنا چاہتا تھا جس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں اپنی دھرتی ماں کو ٹکڑے ہونے سے بچاﺅںجس کے بعد میں نے بغاوت کا علم بلند کیا اور پچھلے پینتالیس سالوں کی دوستی کو ختم کردیا۔
انہوں نے خواجہ جماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ جماعت نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اوراس بار بھی میرے امیدواروں کی حمایت کرکے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور میں اس اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاﺅں گا،فیڈریشن آف خواجہ جماعت ضلع بدین کے چیرمین ڈاکٹر مختیار علی جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے آٹھ سالا دورِ حکومت میں مسلسل ہماری جماعت کو نظر انداز کیا، حق کا ساتھ چھوڑ کر باطل کا ساتھ دیا ، انہوں نے کہا کہ ضلع بدین میں خواجہ جماعت کی ایک تاریخ ہے جس نے بھٹو دور کے کامریڈ نظریر حسین حیدری ، بخش علی خواجہ،غلام حسین جعفری ، ولی محمد خواجہ ،ڈاکٹر مولابخش جعفری کے دور سے لیکر بلاول کے اس دورمیں ڈاکٹر مسرت حسین خواجہ ،عاشق حسین خواجہ اور اعجاز خواجہ کے دور تک پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا لیکن پیپلز پارٹی بدین کی قیادت نے ہمیشہ مظلوم کو نظر انداز کرکے ظالم کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ہماری جماعت کے صدر کے گھر پر ہونے والے حملے کے خلاف جب ہم یہاں سے منتخب وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو کے پاس گئے تو انہوں نے بھی ہمارا ساتھ دینے کے بجائے ملزموں کا ساتھ دیا،انہوں نے کہا کہ ہم ذوالفقار مرزا کا ساتھ اس لیئے دے رہے ہیں کہ ہمیں لگتا ہے کہ ذوالفقار مرزا شیشہ نہیں ہیرا ہے۔
خواجہ جماعت بدین کے صدر شجاعت علی حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار مرزا کی حمایت کافیصلہ فردِ واحد کانہیں پوری جماعت کا ہے اور ہم ڈاکٹر سے وعدہ کرتے ہیں کہ پوری جماعت ان کے نمائندوں کو ووٹ دیکرضرور کامیاب کرے گی،تقریب میں خواجہ جماعت کے معززین سیٹھ زاھد حسین ، مظہر حسین ، ڈاکٹر شفقت حسین جعفری، انصار حسین پنجتنی، حبیب خواجہ، ڈاکٹر نصرت ، یاور عباس، غلام حسنین ، عاشق حسین، ڈاکٹر امجد ، ڈاکٹر مقصود، عابدحسین، عمران عباس ، کامران حسنین ، نوید علی، سلیم ، ظہیر عباس،ڈاکٹر عقیل ، منور علی ، غضنفر حیدری کے علاوہ خواجہ برادری کے دیگر نوجوانوں ، برزگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔