خورشید شاہ کا وزیراعظم کو ٹیلی فون، جوڈیشل کمیشن کے قیام پر مبارکباد

Nawaz Shrif And Khursheed Shah

Nawaz Shrif And Khursheed Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا وزیر اعظم نواز شریف کو خط ، جوڈیشل کمیشن کے قیام پر مبارکباد ، کہتے ہیں افسوس ہے کہ دھرنا ختم ہونے کے بعدحکومت کی انتخابی اصلاحات پر توجہ کم ہوگئی۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھا ہے ، خط میں اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعظم کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام خوش آئند اور ملکی مفاد میں ہے۔

پیپلز پارٹی نے شروع دن سے محاذ آرائی کی سیاست کو رد کیا۔ غیر سیاسی اور غیر جمہوری اقدامات کسی طور پر ملکی مفاد میں نہیں ہیں ۔ خورشید شاہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ دھرنا ختم ہونے کے بعد حکومت کی انتخابی اصلاحات پر توجہ کم ہوگئی۔

انتخابی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے ، خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے عمل کو مشاورت سے جلد مکمل کیا جائے ۔ قانون سازی کیلئے انتخابی اصلاحات کمیٹی جلد اپنی سفارشات پیش کرے ۔ توجہ نہ دی گئی توعوام سمجھے گی کہ حکومت انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ نہیں ۔ خورشید شاہ نے خط میں انتخابی اصلاحات کو موثر بنانے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔