خورشید شاہ نے پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کا اشارہ دیدیا

 Khursheed Shah

Khursheed Shah

سکھر (اصل میڈیا ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے حکومت مخالف سیاسی اتحاد (پی ڈی ایم) میں دوبارہ شمولیت کا اشارہ دیا ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی فیصلہ آخری نہیں ہوتا، حالات کے ساتھ فیصلے بدلتے بھی ہیں اور بگڑتے بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کا پارلیمنٹ میں حکومت کے خلاف ایک ہی مؤقف ہے، استعفوں سے متعلق بھی پیپلزپارٹی کو ہی فالو کیا جا رہا ہے، استعفیٰ نہ دینے کے اپوزیشن کو جو فائدے ہو رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میری شہازشریف، فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ بات ہوئی ہے اور پارٹی نے ہمیشہ میری رائے کو اہمیت دی ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ڈالر کا اسکینڈل دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل ہوگا، ڈالرکی قیمت 110 روپے تھی اب 175 تک جا رہی ہے جبکہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 11 روپے سے بڑھ کر 29 روپے ہو گئی ہے۔