خورشید شاہ زبان درازی بند کریں, ورنہ معاملہ دور تک جائے گا: طاہر القادری

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

اسلام آباد (جیوڈیسک) انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ تحریک اںصاف اور عوامی تحریک حکمرانوں کیخلاف جنگ میں اکھٹے ہیں۔ میں دھرنا ختم کرنے کی بے بنیاد افواہوں کو مسترد کرتا ہوں۔ میں اور عمران خان شریف برادران کے استعفوں تک اسلام آباد سے کسی صورت نہیں جائیں گے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے الزام عائد کیا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا شمار کرپشن کے بڑے سرداروں میں ہوتا ہے۔ خورشید شاہ سندھ میں دہشتگرد گروہ لشکر جھنگوی کو سپورٹ کرتے ہیں۔ اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے وہ عوامی تحریک انصاف کیخلاف زبان درازی کر رہے ہیں۔

خورشید شاہ اپنی زبان بند کر لیں ورنہ معاملہ بہت دور تک چلا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کی جماعت پر پاکستان کو توڑنے کا الزام ہے۔ آپ کی پارٹی قیادت نے ”ادھر تم ادھر ہم” کا نعرہ لگا کر عوامی مینڈیٹ کو ٹھکرایا۔

خورشید شاہ کس منہ سے کہتے ہیں کہ عوامی تحریک جمہوری جماعت نہیں ہے۔ انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے معذرت کے ساتھ درخواست کی کہ وہ خورشید شاہ کی زبان بندی کروائیں ورنہ ہمارے پاس اور بہت کچھ کہنے کو ہے۔ اپنے خطاب میں طاہر القادری نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں یہ بات ہوئی کہ پتہ کروایا جائے کہ پی ٹی وی پر حملہ کروانے میں کون ملوث تھا؟۔

میں نے کل کلمہ طیبہ پڑھ کر قسم کھائی تھی کہ ہم نے پی ٹی وی پر حملہ نہیں کروایا تھا بلکہ پی ٹی وی پر حملہ مسلم لیگ (ن) کے غنڈوں نے کروایا تھا۔ طاہر القادری نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں سے بچوں کے لئے کھلونوں، جھولوں اور بستروں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مخیر حضرات یہ تمام چیزیں سخاوت کریں تاکہ دھرنے کے شرکاء کو کچھ سکون حاصل ہو سکے۔ ہم اس وقت یہاں سے جائیں گے جب تک حکمرانوں کا صفایا نہیں ہو جاتا۔