لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حج اسلام کے ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے اور حج کی سعادت حاصل کرنا اللہ تعالیٰ کے قرب کا ذریعہ ہے۔
حج اکبر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کیلئے حج کے موقع پر دیئے گئے حضور اکرم کے خطبہ حجتہ الوداع کی عملاً پیروی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو خطبہ حجتہ الوداع کو اپنی اجتماعی اور انفرادی زندگی میں شامل کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پر اتحاد بین المسلمین کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آتا ہے اور دنیا بھر کے مسلمان بلا امتیاز رنگ، نسل، زبان اور مسلک اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کی بقاء اسی میں ہے کہ وہ حج کے موقع پر اتحاد بین المسلمین کے مظاہرے سے سبق حاصل کریں اور اسے مشعل راہ سمجھیں اور حج کی عبادت کا فریضہ انجام دیکر اپنی زندگیوں میں پاکیزگی اور انقلاب پیدا کریں۔
انہوں نے مزید کہاکہ جمعہ کے دن حج کی سعادت میں اللہ تعالیٰ نے خیر و برکت فرمائی ہے۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حج اکبر کی فضلیت کا نزول امت مسلمہ پر فرمائے اور تمام حاجیوں کی عبادت کو اپنی بارگاہِ الہیٰ میں قبول فرمائے۔
انہوں نے حجاج کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ پورے عالم اسلام اور باالخصوص پاکستان میں اتحاد بین المسلمین، امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان سمیت امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کریں۔