خضدار میں لیویز اہلکاروں کی ہلاکت، مقدمہ شفیق مینگل کیخلاف درج

Khuzdar

Khuzdar

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے علاقے خضدار میں لیویز اہلکاروں کے قتل میں قبایلی رہنما میر شفیق مینگل کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ شفیق مینگل کے علاوہ دیگر سو مسلح افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

افسر کا کہنا ہے کہ ان سو افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر گزشتہ روز حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں وہاں تعینات آٹھ لیویز اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ افسر کے مطابق مقدمہ پاکستان پروٹیکشن آرڈیننس کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ ضلع خضدار کے تحصیل وڈھ پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ خضدار میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی بھی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔