خضدار (اصل میڈیا ڈیسک) خضدار میں مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق ہو گئے۔
مسافر کوچ وڈھ سے دادو جارہی تھی کہ اسے بلوچستان کے ضلع خضدار میں کھوڑی کے مقام پر حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں بس میں سوار 15 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ 30 افراد زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور لیویز اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
حادثے کے زخمیوں اور لاشوں کو ٹیچنگ اسپتال خضدار منتقل کیا گیا جہاں مزید 3 زخمی دم توڑ گئے جس سے اموات کی تعداد 18 ہوگئی۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوئی اور توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے الٹ گئی، حادثے میں زخمی بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔