خیبر ایجنسی میں بمباری، ازبک کمانڈر سمیت 11 دہشتگرد ہلاک

Jet Plane

Jet Plane

باڑہ / بنوں (جیوڈیسک) خیبر ایجنسی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری میں اہم کمانڈر سمیت 11 دہشتگرد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی جبکہ ان کے 12ٹھکانے تباہ ہو گئے۔

سیکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق منگل کی شام وادی تیراہ اکاہ خیل اورشیر خیل درہ میں قائم شدت پسندوں کے مرکز پر بمباری سے ایک ازبک کمانڈر سمیت 6 شدت پسند مارے گئے جب کہ ذخہ خیل میں قائم اطلس مرکز پر بھی جیٹ طیاروں کی بمباری میں 5 شدت پسند مرکز کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

فورسز کے ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملک دین خیل اور کوکی خیل میں بھی شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیاجس میں بڑے پیمانے پرہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے،ادھر بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل پر نصب تھا جو صدر تھانے کے قریب کھڑی کی تھی، فورسز کی گاڑیاں پہنچتے ہی دھماکہ ہوگیا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرکے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔