خیبرایجنسی (جیوڈیسک) جیٹ طیاروں کی بمباری اور سیکورٹی فورسز سے جھڑپوں میں 41 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشتگردوں سے جھڑپوں میں 8 فوجی جوان شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے اسپین قمر میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کلین اپ آپریشن کیا۔
آپریشن میں 21 دہشت گرد مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں سے جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 فوجی جوانوں بھی شہید ہو گئے۔ اس سے پہلے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقہ اکا خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی۔
کارروائی میں 20 دہشت گرد مارے گئے اور 8 زخمی ہوئے جبکہ ان کے 4 ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے ، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام سے ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق کالعدم لشکر اسلام کے امیر منگل باغ کا بیٹا بھی مارا گیا ہے تاہم سیکیورٹی ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی۔