پشاور (جیوڈیسک) خیبر ایجنسی میں پاک- افغان مرکزی شاہراہ پر عسکریت پسندوں کے اچانک حملے میں قبائلی خاصہ دار فورس کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ فرنٹیئر کارپس کے دو سپاہیوں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شدت پسندوں نے بدھ کی رات تحصیل جمرود میں سور قمر کے قریب حوالداری چوکی پر حملہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنگجوؤں نے چوکی میں موجود سیکورٹی اہلکاروں کی مدد کے لیے آنے والے ایف سی دستے کو بھی نشانہ بنایا۔
انہوں نے واقعہ میں ایک خاصہ دار اہلکار کی ہلاکت اور چار کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تاہم، انٹیلجنس عہدے داروں نے دو ہلاکتیں رپورٹ کیں۔ آخری اطلاعات آنے تک شدت پسندوں کا حملہ جاری ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
سرکاری ذرائع نے متعدد عسکریت پسندوں کے مارے جانے کا بھی دعوی کیا تاہم، فی الحال حتمی تعداد کا تعین کرنا ممکن نہیں۔