پشاور (جیوڈیسک) دہشت گردی سے متاثرہ قبائلی علاقے خیبرایجنسی میں جمعرات کو ایک کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا گیا، جسے مقامی قبائلیوں کی طرف سے ایک خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف جو اپنی مدت ملازمت کے اختتام سے قبل ملک کے مختلف علاقوں کے الوادعی دورے کر رہے ہیں، اُنھوں نے جمعرات کو خیبر ایجنسی کا دورہ کیا۔
کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بیناد رکھنے کے موقع پر فوج کے سربراہ کے ہمراہ ملک کے معروف کرکٹر شاہد خان آفریدی تھے اور اسٹیڈیم کو شاہد آفریدی ہی کے نام سے منسوب کیا گیا۔
خیبر ایجنسی کے ایک قبائلی رہنما ملک دریا خان ذکا خیل نے گفتگو میں کہا کہ نوجونواں کو انتہا پسندی کی جانب راغب ہونے سے روکنے کے لیے کھیلوں کے میدان بہت ضروری ہیں اور اُن کے بقول خیبر ایجنسی میں پہلے ایسے اسٹیڈیم کے سنگ بنیاد سے مقامی لوگ بہت خوش ہیں۔
شاہد آفریدی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ایک پیغام میں اسٹیڈیم کے سنگ بنیاد پر خوشی کا اظہار کیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان کا بھی دورہ کیا۔
قبائلی علاقوں کے اپنے دورے کے موقع پر فوج کے سربراہ نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو دہرایا۔