خیبرایجنسی (جیوڈیسک) خیبرایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے اکاخیل میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، کالعدم لشکر اسلام کے 5 دہشت گرد ہلاک ادھر علاقہ نیرے بابا میں جھڑپ کے دوران ایک دہشت گرد اور امن لشکرکا رضاکار جاں بحق جبکہ تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبرپرامن لشکرنے کنٹرول حاصل کرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقہ اکاخیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلا ک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں اہم دہشت گرد کمانڈر منور بھی شامل ہے، ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام سے ہے۔
دوسری جانب لیویز ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقہ نیرے بابا میں دہشت گردوں اور امن لشکر کے درمیان جھڑپ ہوئی جھڑپ میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ امن لشکر کا ایک رضا کار جاں بحق ہوگیا۔ جبکہ دہشت گردوں نے لنڈی کوتل ایف سی چھاؤنی کے شلمان دروازے پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔
دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلکہ چھاؤنی کے باہر واقع کمرے کو جزوی نقصان پہنچا۔ادھر تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبر پرامن لشکرنے کنٹرول حاصل کرلیا، کالعدم لشکراسلام کے دہشت گرد شلوبرکے علاقے میں گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے، رضا کاروں نے دہشت گردوں کے 3 کمانڈروں کے گھروں کو بھی جلادیا۔