خیبرایجنسی کے آئی ڈی پیز کی واپسی 23 ستمبر سے شروع

IDPs

IDPs

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ چھ ہزار آئی ڈی پیز خاندان کی خیبر ایجنسی کے علاقے بار قمبر خیل کو واپسی کا سلسلہ 23 ستمبر سے شروع ہو جائے گا۔ جمعے کو جاری ایک بیان میں گورنر نے کہا ہے کہ گیارہ ہزار 265 آئی ڈی پیز پہلے ہی خیبرایجنسی کو عسکریت پسندوں سے کلئیر قرار دیئے جانے کے بعد سے مختلف علاقوں میں اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی جلد از لد واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے قبائلی علاقں کی ترقی اور خوشحالی کا وعدہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ فاٹا کو ملک کے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جائے گا۔

انہوں نے فاٹا سیکرٹریٹ کے تمام محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ خیبرایجنسی کے متاثرہ خاندانوں کی رہائش اور بحالی نو کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ گورنر نے یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ قبائلیوں کے نقصانات کا درست تخمینہ لگایا جائے تاکہ ان کی مدد کرکے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کیا جاسکے۔