خیبر ایجنسی : آپریشن خیبر ون، مختلف قبائلی علاقوں سے نقل مکانی

Khyber Agency

Khyber Agency

خیبر ایجنسی (جیوڈیسک) خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن خیبر ون کے بعد مختلف قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ نقل مکانی کرنے والے علاقوں میں کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے متاثرین کو مسائل کا سامنا ہے۔

آپریشن خیبر ون کے بعد خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں سے خاندانوں کی نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بڑی تعداد میں متاثرین محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔ متاثرین کے لئے حکومتی سطح پر انتظامات نہ ہو نے سے انہیں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بالخصوص خواتین ،بچے اور بوڑھے پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ خیبرایجنسی کے علاقے باڑہ شیخان میں کرفیو کی وجہ سے مقامی افراد گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نہ تو کوئی کیمپ قائم کیا گیا ہے اور نہ کوئی دوسرے انتظامات کیے گئے ہیں۔ متاثرین کی تلاشی کا عمل بھی مختلف مقامات پر جاری ہے اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے قائم کی گئی چیک پوسٹوں پر باقاعدہ تلاشی کے بعد انہیں آگے جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔