خیبر ایجنسی(جیوڈیسک) خیبر ایجنسی کے علاقے میدان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن مکمل ہوگیا۔ کارروائی میں 104 شدت پسند مارے گئے۔ 8 اہلکار بھی شہید ہوئے۔ خیبر ایجنسی وادی تیرہ کے آپریشن انچارج میجر جنرل ہمایوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ وادی تیرہ اور میدان کے علاقوں میں 22 روزہ آپریشن کے دوران 98 دیہات کلیئر کرا لئے گئے۔
اس دوران 104 شدت پسند ہلاک اور 64 زخمی ہوئے۔ آپریشن میں 8 اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ بارود بھی برآمد کیا ہے جبکہ باغ کے علاقے میں کالعدم تحریک طالبان کے مرکز سے ملنے والی ازبک باشندوں کی لاشوں کو بھی دفن کر دیا گیا ہے۔