خیبر ایجنسی (جیوڈیسک) خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے عوام کے لئے خوش خبری ہے کہ ایجنسی ایجوکیشن آفیسر نے آپریشن اور کرفیو کے باعث 5برس سے بند تعلیمی ادارے 12 جنوری 2015 سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے 323تعلیمی ادارے ستمبر 2009 سے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن اور کرفیو کے باعث بند ہیں۔5 برس بعد محکمہ تعلیم فاٹا نے علم کے دروازے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
تمام سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور سٹاف کو 12 جنوری سے ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایجنسی ایجوکیشن آفیسر کے مطابق شدت پسندوں کے ہاتھوں گزشتہ 5 سالوں کے دوران تحصیل باڑہ کے 105 تعلیمی ادارے تباہ ہوچکے ہیں۔ جن کی تعمیر نو تک طلباء کو خیمہ سکولوں میں پڑھایا جائے گا۔
تحصیل باڑہ میں تعلیمی ادارے بند ہونے سے ہر سال 65ہزار بچے داخلوں سے محروم رہے۔ شورش زدہ تحصیل باڑہ میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا اعلان قبائلی عوام کو ملنے والا آپریشن خیبر ون کی کامیابی کا ثمر ہے۔