پشاور (جیوڈیسک) خیبر بینک کے تنازعہ پر پی ٹی آئی حکومت کوئی فیصلہ نہ کر سکی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ خیبر بینک تنازعہ کی تحقیقاتی رپورٹ 9 مئی کو اسمبلی میں پیش کی جائے گی لیکن 9 مئی سے قبل ہی اسمبلی اجلاس غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔
جماعت اسلامی اپنی اتحادی پی ٹی آئی حکومت کے فیصلے سے ناحوش نظر آئی اور جماعت کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اپوزییشن جماعتوں نے خیبر بینک تنازعہ کی حکومتی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ اسمبلی میں پیش کرنے کی سفارش مسترد کر دی اور خیبر بینک کی تحقیقات چیف جسٹس سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بینک آف خیبر تنازعے سے نہ صرف صوبائی حکومت کی اتحادی جماعتوں کے مابین خلش میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اعلیٰ بیوروکریسی بھی اس معاملے میں کود پڑی ہے جس سے معاملات مزید گھمبیر ہو گئے ہیں۔