خیبر پختون: اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے نگرانی کا جدید نظام

Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں کی کار کردگی بہتر بنانے کے لئے نگرانی کا جدید نظام متعارف کرادیا جس کے تحت اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پشاور میں انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کا افتتاح کیا۔

آئی ایم یو کے ذریعے اسکولوں میں اسٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔ تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں یکساں نظام تعلیم نافذ کر دیا گیا ہے۔

حصول تعلیم کے سلسلے میں امیر اور غریب کے بچوں میں امتیاز کا خاتمہ کیا جائے گا۔ مانیٹرنگ یونٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر تعلیم محمد عاطف نے بتایا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں 28 ہزار اسکولوں کی مختلف مقامات پر مانٹیر نگ کی جائے گی۔

آئی ایم یو کا ایک اہلکار 60 اسکولوں کو مانیٹر کرسکے گا۔ وزیراعلیٰ نے اعتراف کیا کہ صوبے کے اسکولوں میں 15 ہزار کمروں کی کمی ہے، نئے کمروں کی تعمیر کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔