لوئر دیر (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 95 جندول میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
لوئر دیر سے خیبر پختونخوا کے حلقے پی کے 95 جندول میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 743 ہے جب کہ ووٹنگ کے لئے 85 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، حلقے میں انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے ہیں۔
پی کے 95 میں ضمنی انتخابات کے موقع پر مالا کنڈ بورڈ نے انٹر کا پرچہ ملتوی کر دیا ہے جب کہ حلقے میں عام تعطیل ہے۔ پی کے 95 جندول میں جماعت اسلامی کے اعزاز الملک اور اے این پی کے حاجی بہادر خان کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار اے این پی کے حق میں دستبردار ہو چکے ہیں۔ پاکستان راہ حق پارٹی کے ضیاءالحق حیدری اور آزاد امیدوار ملک امیرزادہ بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں پی کے 95 جندول سے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کامیاب ہوئے تھے لیکن ان کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد یہ سیٹ خؒالی ہو گئی تھی۔