پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی کے مزید تین ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ کے پی کے ضلع مانسہرہ کے علاقے تورغر سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے لائق محمد خان اور ان کے بیٹے احمد شہریار خان میں کورونا کی تشخیص ہوگئی ہے۔
ایم پی اے لائق محمد خان کے مطابق انہوں نے طبیعت خراب ہونے پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے احمد شہر یار کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور اب دونوں قرنطینہ میں ہیں۔
خیبر پختونخوا کے رکن اسمبلی بابر سلیم سواتی کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
ایم پی اے بابر سلیم سواتی نے بتایا کہ ان میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں لیکن ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا جس کے بعد خود کو گھر پر قرنطینہ کر دیا ہے۔
رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر سمیرا شمس کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
تحریک انصاف کی ایم پی اے سمیرا شمس نے علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کرایا اور ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے پر خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے کئی ارکان وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جب کہ کچھ وائرس سے انتقال بھی کرگئے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی ڈھائی ہزار سے زائد ہے۔