اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں بم ناکارہ بناتے ہوئے پاک فوج کا ایک کپتان شہید اور ایک سپاہی شدید زخمی ہوگیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ کیپٹن ضرغام فرید ضلع مہمند کے علاقہ مہمد گٹ میں بارودی مواد کو ناکارہ بنا رہے تھے ۔اس دوران میں وہ دھماکے سے پھٹ گیا اور وہ موقع پر ہی جام شہادت نوش کر گئے اور ان کے ساتھی سپاہی ریحان شدید زخمی ہوگئے۔ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
شہید کپتان ضرغام کا تعلق صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا سے تھا۔ان کی عمر پچیس سال تھی اور وہ غیر شادی شدہ تھے۔ان کی نماز جنازہ پشاور کینٹ میں ادا کی گئی۔اس میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ، بعض صوبائی وزراء اور اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔
ان کا جسد ِخاکی تدفین کے لیے ا ن کے آبائی ضلع سرگودھا روانہ کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کیپٹن ضرغام فرید کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے لیے بلندیِ درجات کی دعا کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن ضرغام ایسے بہادر سپوتوں کی مادر وطن کے لیے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔