پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کابینہ کے پانچ نو منتخب وزراء نے حلف اٹھا لیا ، گورنر انجینئر شوکت اللہ نے نئے وزراء سے حلف لیا۔
صوبائی کابینہ کے نئے وزراء کی حلف برداری تقریب گورنر ہاوس میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ، وزیر اطلاعات شاہ فرمان سمیت دیگر ایم پی ایز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں نو منتخب وزراء قلندر لودھی ، مشتاق غنی ، ضیاء اللہ آفریدی ، اکرام اللہ گنڈاپور اور جمشیدالدین نے حلف اٹھایا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے نو منتخب وزراء سے حلف لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ فارورڈ بلاک پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے جسے میڈیا میں لا کر ایشو بنایا جا رہا ہے۔
اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کابینہ میں خواتین کو بھی نمائندگی دینے پر سوچ رہے ہیں۔
مذاکرات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات خوش اسلوبی سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں ہر قسم کا تعاون کر رہے ہیں۔