خیبر پختونخوا کابینہ نے بلدیاتی الیکشن رولز 2020 کی منظوری دے دی

Meeting

Meeting

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبر پختونخوا کابینہ نے بلدیاتی الیکشن رولز 2020 کی منظوری دے دی۔ پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اطلاعات کے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن رولز کے تحت میئر کے لیے الیکشن کی فیس 20 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے جب کہ ویلیج کونسل الیکشن کے اخراجات 3 لاکھ سے کم کرکے 50 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے واٹر سینیٹیشن سروسز کو تحصیل بابوزئی تک وسعت جب کہ میڈیکل ٹرانسپلانٹ ریگولیٹری ایکٹ میں ضروری ترامیم کی منظوری دی ہے۔

کامران بنگش نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کیا جائیگا، اسی طرح پرائیویٹ ویجیٹبل اورفروٹس منڈیوں کے قیام کے لیے قوانین بنانے کی بھی منظوری دی گئی، منڈیوں کے قیام سے گھریلو اشیاء عوام کو مناسب نرخ پر ملیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث امیدواروں کے لیے بالائی عمرکی حد میں دوسال کی توسیع کی منظوری دی گئی ہے،کابینہ نے سرکاری زمینوں کی لیز کی مدت بڑھانے کے لیے سفارشات تیارکرنے کی ہدایت کی ہے۔