ڈی آئی خان (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ف کے قائد مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کرنے کی صلاحیت سے عاری لوگ مسلط ہوگئے ہیں۔ صوبے کے حالات دیکھیں تو محسوس ہوتا ہے جیسے سرکاری مشینری ناکارہ ہوچکی ہے۔یہ بات انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق صوبائی وزیر حبیب اللہ کنڈی کی رہائش گاہ پر افطار کے بعد ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کو ڈیرہ اسماعیل خان جیل کی دیوار کو توڑنے کی بھی ضرورت محسوس نہیں ہوئی اور وہ اپنے ساتھیوں کو رہا کرا کر وزیرستان بھی پہنچ گئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم سے میٹنگ میں ان کا ایک ہی ایجنڈا تھا اور وہ امن تھا۔ کیونکہ ملک اور خصوصا خیبر پختونخوا میں صرف امن درکار ہے۔