خیبر پختونخوا: پی کے۔67 ڈی آئی خان میں آج ضمنی انتخاب

 Election

Election

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے۔ 67 ڈیرہ اسماعیل خان پر ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں۔ اس حلقے میں 6 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا سونو خان بلوچ کے مطابق پی کے 67 ڈی آئی خان کے ضمنی انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

پولنگ آج اتوار کی صبح 8 بجے شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گی۔ اس مقصد کے لیے 91 پولنگ اسٹیشن اور 233 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں 36 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 55 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کے ساتھ فوج کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔ پریذائیڈنگ آفیسرز کو بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی مواد حوالے کرکے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کو روانہ کر دیا گیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سابق وزیر قانون اسرار اللہ گنڈا پور کے خود کش حملے میں جاں بحق ہونے سے خالی ہونے والی اس نشست پر 6امیدوار مدمقابل ہیں۔