پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ پلس کی مد میں اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے ساتھ 20 ارب روپے کا معاہدہ کر لیا۔
صوبائی حکومت اور اسٹیٹ لائف کے معاہدے کے تحت ملک بھرمیں 400 اور صوبے کے 140 اسپتالوں میں کے پی کے شہری 10 لاکھ روپے تک دل کے آپریشن ، گردوں کی پیوند کاری سمیت دیگر موذی بیماریوں کا مفت علاج کرا سکیں گے۔
صوبائی حکومت اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو فی خاندان سالانہ 2 ہزار 849 روپے ادا کرے گی جو سالانہ 20 ارب روپے بنتے ہیں۔
معاہدے کے تحت شہری صحت کارڈ کے ذریعے خیبرپختونخوا کے 140 سمیت ملک کے 400 نجی اور سرکاری اسپتالوں میں 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کر اسکیں گے تاہم نفسیاتی بیماریوں، جھگڑے کے دوران زخمی ہونے والوں، نشے کے عادی افراد اور او پی ڈی کا علاج صحت کارڈ میں شامل نہیں ہے۔
صوبے بھر میں 66 لاکھ سے زائد خاندان صحت کارڈ سہولت سے مستفید ہوں گے، منصوبے کے تحت 2 لاکھ روپے بنیادی صحت کی بیماریوں اور ایمرجنسی جیسے واقعات کے لیے ہوں گے، کارڈ کے ذریعے پتے کے آپریشن ، بلڈ پریشر ، زچگی اور دل کے عارضے کی ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق صحت کارڈ میں انجوپلاسٹی ، اوپن ہارٹ سرجری ، شوگر، مصنوعی اعضاء اور نیورو سرجری کے علاج کے لیے 4 سے 8 لاکھ روپے خرچ کیے جا سکیں گے۔
حکام کا بتانا ہےکہ اگست 2020 سے 31 جنوری 2021 تک 67 ہزار افراد کا علاج ہو چکا ہے جس پر ایک ارب 73 کروڑ 23 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔