پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) پولیس نے صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی آئس کھیپ پکڑ کر افغان سرغنہ سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق خیبرپختون خوا پولیس نے آئس کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی میں تقریباً 80 کلو گرام آئس برآمد کر کے بین الاقوامی سطح پر آئس کا دھندہ کرنے والا گروہ پکڑ لیا، کارروائی میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے سرغنہ سمیت 5 خطرناک اسمگلرز گرفتار کرلئے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں اسحاق، نعمت اللہ، افضل احمد عرف حاجی ملا، محمد عاکف اور محمد شان شامل ہیں، 2 ملزمان کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان جب کہ 3 ملزمان کوئٹہ بلوچستان کے رہائشی ہیں۔
سی سی پی او عباس احسن نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 80 کلو گرام آئس، اور اس کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی دو عدد کاروں سمیت ڈیجیٹل اسکیلز اور دیگر اشیاء بھی برآمد ہوئیں، قبضے میں لی گئی آئس کی مالیت 10 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ ملزمان نے حیات آباد کے فیز II میں مکان کرائے پر حاصل کیا تھا، اور وہ آئس افغانستان سے اسمگل کرنے کے بعد حیات آباد والے گھر میں پیک کرتے تھے، اور پیکنگ کے بعد آئس اندرون ملک سمیت ملک سے باہر بھی اسمگل کی جاتی تھی۔
سی سی پی او عباس احسن کا کہنا تھا کہ حالیہ کارروائی سب سے اہم اور سب سے بڑی کامیابی ہے، منشیات اور آئس کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ قلیل عرصہ میں متعدد آئس اور ہیروئن فیکٹریاں سیل گئی ہیں، نیٹ ٹیم کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔