پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے ڈاکٹروں کی ہڑتال روکنے کے لئے سرکاری اسپتالوں میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ کر دیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پشاور کے تمام سرکاری اسپتالوں میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں سمیت کوئی بھی سرکاری ملازم ہڑتال نہیں کر سکتا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے یہ قدم پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر اٹھایا ہے۔ واضح رہے کہ پشاور کے سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حق میں منگل سے ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے۔