پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں جیت کیلئے نعروں، وعدوں، جلسے اور جلوسوں کا وقت ختم ہو گیا۔بلدیاتی انتخابات کل ہونگے جس میں 41 ہزار 7 سو 62 نشستوں پر کون کون سے امیدوار منتخب کرنے ہیں، اس حوالے سے ووٹر اپنا فیصلہ کل ہی سنائیں گے۔
خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔اختیارات کی نچلی سطح پرتقسیم کے اس نظام میں ویلج اورنیبرہڈکونسلزکو متعارف کرا یاجا رہا ہے۔ نیبرہڈشہری اورویلج کونسل دیہی علاقوں کی محلہ کونسلیں ہونگی۔ صوبہ بھر میں 503 نیبر ہڈ اور 2ہزار 836 ویلج کونسلز قائم کی گئی ہیں۔
صوبہ میں مجموعی طور پر41 ہزار نشستوں پر84 ہزار 420 امیدوار میدان میں ہیں۔ان انتخابات میں نچلی سطح پرغیرجماعتی جبکہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر جماعتی بنیادوں پرہونگے۔ ضلع وتحصیل کے انتخابات میں ضلعی کونسلز کی 978 نشستوں پر5ہزار480جبکہ ٹاون اورتحصیل کونسلزکی 9سو78نشستوں پر5ہزار907امیدواروں میں مقابلہ ہے۔نیبرہڈاورویلج کونسلزکی 23ہزار111نشستوں پر الیکشن ہو رہے ہیں جس کے جنرل نشستوں پرامیدواروں کی تعداد39ہزار 79 ہے۔
صوبہ بھر میں اقلیتوں کے نشستوں کی تعداد یوں تو 3ہزار339ہے لیکن بہت سے علاقوں میں اقلیتی شہریوں کے دستیاب نہ ہونے سے اب تک صرف 349امیدوار سامنے آئے ہیں۔صوبہ کے ایک ضلع کوہستان کا معاملہ عدالت میں ہونے کی وجہ سے یہ انتخابات وہاں نہیں ہورہے۔ انتخابات کے موقع پر تمام تعلیمی ادرے 29 اور 30 مئی کو بند رہیں گے۔