پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا میں مجوزہ نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی گئی ہے نئے بلدیاتی نظام کے تحت ڈسٹرکٹ کونسل اور تحصیل کونسل کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر جبکہ ویلج کونسل کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ مجوزہ بلدیاتی نظام کی منظوری اسلام آباد میں ورکنگ گروپ کے اجلاس میں دی گئی، اجلاس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔
وزیر بلدیات عنایت اللہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ویلج کونسل، ضلع کونسل اور تحصیل کونسل کا سربراہ ناظم کہلائے گا جبکہ ضلع اور تحصیل کونسلوں کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں گے جبکہ ناظم اور نائب ناظم کا انتخاب بلواسطہ ہوگا اور ویلج کونسل کا ناظم براہ راست منتخب ہوگا۔
وزیر بلدیات نے بتایا کہ۔اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ مجوزہ بلدیاتی نظام کے قانون کے مسودے کو جلدحتمی شکل دی جائے اور منظوری کیلئے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے تاکہ صوبے میں جلد بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کااعلان کیاجاسکے۔