اسلام آباد (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر ضیااللہ آفریدی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما، خیبرپختونخوا سے رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیرمعدنیات ضیااللہ آفریدی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضیااللہ آفریدی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور پیپلز پارٹی کے لیے دن رات کام کروں گا۔ ضیااللہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان قائد پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، بلاول بھٹو زرداری اپنی عظیم والدہ کی طرح وفاق کی علامت اور ضمانت ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ضیا اللہ آفریدی کے پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا۔
دوسری جانب ترجمان کے پی حکومت شاہ فرمان نے ضیااللہ آفریدی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ضیااللہ پر کرپشن کے الزامات ہیں اس لئے وہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کے لئے مکمل طور پر کوالیفائی کرتے تھے اور یہی ان کے لیے مووزوں جماعت تھی۔
واضح رہے کہ ضیا اللہ آفریدی 2013 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور انہیں کرپشن کے الزام میں خیبرپختونخوا کے احتساب کمیشن نے 2015 میں گرفتار کیا، بعد ازاں انہیں عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا تھا مگر تحریک انصاف نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی جس کے بعد سے وہ تحریک انصاف کی قیادت سے ناراض تھے۔