مانسہرہ (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختونخوا میں درختوں کی حفاظت کے لئے سائنٹیفک پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹمبر مافیا کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہیں جب کہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے اگر حکومت ختم بھی ہوتی ہے تو اس کی پرواہ نہیں۔
مانسہرہ کے دورہ کے موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخوا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں درختوں کی حفاظت کے لئے 22 سال کے بعد پہلی بار سائنٹیفک پالیسی لے کر آرہے ہیں جس کے تحت جنگلات کی سیٹیلائٹ تصاویر لی جائیں گی اور درخت کٹنے کی صورت میں ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان پر بھاری جرمانہ عائد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا مقامی لوگوں کی مدد سے جنگلات کو کاٹ کر بھاری منافع کما رہی ہے اور گزشتہ 10 سال کے دوران صوبے سے 100 ارب روپے سے زائد درخت کاٹے جاچکے ہیں تاہم حکومت نے ٹمبر مافیا کے خلاف خلاف اعلان جنگ کیا ہے جبکہ چند مقامی لوگ رقم لے کر جنگلات کے خاتمے پر تلے ہیں جس کے خلاف عدالت سے بھی مدد کی درخواست ہے۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ صوبائی حکومت ایک ارب سے زائد درخت لگائے گی اور سرکاری اور پرائیوٹ پارٹنرشپ سے صوبے بھر میں پالیسی کے تحت جہاں سے درخت کاٹا جائے گا وہاں دوسرا درخت لگائیں گے جب کہ صوبے بھر میں ٹمبر مافیا کی جانب سے درختوں کو کاٹنے کے لئے ان پر نشان لگائے گئے تھے جسے حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے درخت کاٹنے سے انہیں روک دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں کو اپنے ساتھ ملا کر انہیں درختوں کا نگراں رکھیں گے اور جنگلات کی حفاظت کریں گے، ٹمبر مافیا بہت طاقتور ہے لیکن کرپشن ختم کرنے کے لئے حکومت ختم ہوتی ہے تو کوئی پرواہ نہیں صوبائی حکومت فاریسٹ پالیسی پر عملدرآمد کرا کے دکھائے گی۔