پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں ہونیوالی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچادی جب کہ دریاؤں ،ندی نالوں میں طغیانی سے کھڑی فصلیں تباہ ،سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا۔
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے مٹی کے تودے،چھتیں گرنے ،پانی میں بہہ جانے اورمختلف حادثات کے نتیجے میں 25 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ بارشوں سے سیلابی صورت حال کے باعث نوشہرہ اور چارسدہ میں دریاؤں کے قریب آباد کئی دیہات خالی کرالئے گئے ہیں جبکہ سیاحوں کو نکالا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میر رضا نے علاقے میں الرٹ جاری کردیا اوردریائے کابل کے کناروں پر آبادی میں رہائش پذیر لوگوں کو دوررہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دریائے سوات کے سیلابی ریلے میں تین افراد ڈوب چکے ہیں۔ جن میں سے ایک کی میت برآمد جبکہ دیگر دو کی تلاش جاری ہے۔ ڈوبنے والوں میں ایک پولیس اہلکاربھی شامل ہے۔
ادھر مانسہرہ کے علاقے اوگی حسین بانڈہ میں شدید بارش سے مکان کی چھت گرگئی، جس سے نتیجے میں چارافراد فضل الہی، محمد شبیر، نوراسلام، بنت بی بی جاں بحق ہوگئے، مانسہرہ کے ہی علاقے چھترپلین میں مکان پرمٹی کا تودہ گرنے سے 5 افراد ملبے تلے دب گئے۔