پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے دریائے کابل میں ورسک اور نوشہرہ، دریائے سندھ میں خیر آباد، دریائے پنج کوڑہ میں دیر اور دریائے سوات میں چارسدہ روڈ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فلڈ وارننگ سیل پشاور کے مطابق دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر پانی کا بہاو 39 ہزار 810 کیوسک اور نوشہرہ کے مقام پر 58 ہزار 700 کیوسک ہے دونوں مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
دریائے سندھ میں خیر آباد کے مقام پر پانی کا بہاو 2 لاکھ 40 ہزار 200 کیوسک کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے پنجکوڑہ میں دیر اور دریائے سوات میں چارسدہ روڈ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ صوبے کے دیگر تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔