پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیرہ جیل حملے کے بعد صوبے کی حساس ترین جیلوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنی قرار دے دیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے حساس ترین جیلوں کی تفصیلات پیسکو کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ کے مطابق حکومت کی جانب سے پیسکو کو ہدایت کی گئی ہے۔
کہ سنٹرل جیل پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور ہری پور کے علاوہ صوبے کی چار ڈسٹرکٹ جیلوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنی قرار دیا جائے۔ ان جیلوں میں گرفتار شدت پسندوں کو رکھا گیا ہے۔ سنٹرل جیل پشاور میں سولر انرجی نظام بھی نصب کر دیا گیا ہے۔ ڈیرہ جیل حملے کے دوران بجلی منقطع ہو گئی تھی جس کی وجہ سے سیکیورٹی اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔