پشاور(جیوڈیسک) پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی، چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں تیرہ افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔تیز آندھی اور طوفان سے درجنوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ کئی مکانات اور دکانوں کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ سائن بورڈز گرنے کے واقعات بھی ہوئے۔ طوفان کے باعث بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔
سب سے زیادہ نقصان چارسدہ میں ہوا جہاں چھ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے۔ پشاور میں چار سدہ روڈ پر لنڈے سڑک کے علاقے میں دیوار گرنے سے تین بچے دم توڑ گئے۔ سوات کے مختلف علاقوں مینگورہ، امان کوٹ، بلوگرام اور مدین میں بھی دیواریں اور سائن بورڈ گرنے کے متعدد واقعات میں بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور بائیس زخمی ہو گئے۔
ادھر نوشہرہ میں گرد کیبگولوں کے باعث چار گاڑیاں حادثے کا شکار ہو گئیں۔ نوشہرہ چھانی میں گھر کی دیوار گرنے سے ساٹھ سالہ خاتون دم توڑ گئی۔ گلگت میں دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ مالا کنڈ کے علاقے درگئی میں بھی سائن بورڈز اور درخت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ بٹگرام میں رابطہ پل ٹوٹنے سے آلائی اور شانگلہ کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔