پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے نواحی گاؤں ہریانہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک ِ انصاف کے رہنما عمران خان نے کہا ہے کہ صوبے میں ہمارے ووٹوں کی تعداد میں کمی نہیں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پختونخوا میں جو سق سیکھے انہیں پورے پاکستان میں لے کر آئیں گے، حکمران ٹولے کی کرپشن کی داستان ہر شہری کی زبان پر آچکی ہے، شریف خاندان کی کرپشن سے (ن) لیگ کے باضمیر کارکنان بھی متنفر اور نالاں ہیں جو کہ حکمران ٹولے کو اب ملک کے لیے خطرے کی نظر سے دیکھنے لگے ہیں۔
عمران خان نے کہا پرویز خٹک زبردست صلاحیتوں کے حامل سیاستدان ہیں جنہوں نے ہر مناسب فورم پر صوبے کے حقوق کی آواز بلند کی اور پختونوں کا شملہ اونچا کیا جس پر مجھے فخر ہے۔عمران خان نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کی روایت برقرار رکھی اور گزشتہ روزایک مرتبہ پھر بجٹ اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔
انہوں نے مطالبات کے حق میں دارالحکومت میں پُر امن احتجاج کرنے والے کسان اتحاد کی تنظیموں پر لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ حکومت کی نظر میں کسان اور محنت کش کی کوئی اہمیت و وقعت نہیں، اس کا رویہ کسانوں پرتشدد آمرانہ سوچ کا عکاس ہے، حالانکہ اسے طاقت آزمانے کے بجائے کسانوں کو حقوق دینے کو ترجیح دینی چاہیے۔