پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبر پختونخوا میں سال 2020 کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں پولیو کیسز میں 76 فیصد کمی ہوئی ہے۔
صوبے میں سال 2020 میں پشاور سمیت 6 اضلاع سے پولیو کے 22 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ سال 2019 میں پولیو کیسز کی تعداد 93 تھی۔
سال 2020 کے دوران کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے میں 3 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق کورونا وبا کے دوران سکیورٹی فورسز کے تعاون سے صوبے میں 3 پولیو مہمات چلائی گئیں۔
خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 10 لاکھ 35 ہزار سے زائد بچے گھروں میں موجود نہ ہونے کے باعث ویکسین سے محروم رہے۔
سال 2020 میں انکاری والدین کی تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت کمی واقع ہوئی، 3 لاکھ والدین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا۔
محکمہ صحت کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سال 2021 میں صوبے سے پولیو کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا، جنوری میں نئے سال کی پہلی پولیو مہم شروع کی جائے گی جس کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے 65 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔