پشاور (جیوڈیسک) وزارت داخلہ خیبر پختونخوا کے صوبے میں پانچ پشتو فلموں پر پابندی کے باوجود فلموں کی نمائش جاری ہے۔ عید الفطر پر پانچ پشتو فلمیں زما ارمان، لوفر، بھنگی لا لیا، قربانی اور شرط نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوانے پانچوں فلموں کو غیر سنسر شدہ قرار دے کر ان کی نمائش روکنے کا حکم جاری کردیا۔
فلم بینوں کو کچھ دیر کے لیے فیصلے پر مایوسی تو ہوئی تاہم فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے پر فلم بینوں کے مرجھائے چہرے پھر کھل اٹھے۔ سینما مالکان کا کہنا ہے کہ صوبے کا اپنا سنسر بورڈ نہ ہونیکی وجہ سے کراچی سے ان فلموں کو سنسر کرویا گیااور پشاور کے سینماگھروں میں ان کی نمائش ہوئی۔
ان کے پاس سنسر کے تمام ثبوت موجود ہیں۔ خیبر پختونخوا کے سینما مالکان کا موقف ہے کہ سندھ کے سنسر بورڈ سے منظوری کے بعد کئی دیگر فلمیں لاہور کے سینما گھروں میں پیش کی جارہی ہیں۔ ان کی نمائش پر اعتراضات نہیں ہوئے، پشتو فلموں پر پابندی بلاجواز ہے۔